واشنگٹن میں یو ایس ایڈ کا ہیڈ کوارٹر بند ، ملازمین کو دفتر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

98

واشنگٹن۔4فروری (اے پی پی):دنیا بھر میں ترقیاتی کام کرنے والی امریکی امدادی اور ترقیاتی ایجنسی یو ایس ایڈ کے عملے کو واشنگٹن میں قائم ادارے کے ہیڈ کوارٹر سے باہر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اردو نیوز کے مطابق یو ایس ایڈ کے عملے نے کہا ہے کہ 600 سے زائد ملازمین کی ادارے کے کمپیوٹر سسٹمز تک رسائی بھی معطل کر دی ہے تاہم جن کو ابھی تک سسٹم تک رسائی حاصل ہے انہیں ای میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایجنسی کی قیادت کی ہدایت پر ہیڈکوارٹر کی عمارت گزشتہ روز عملے کے لئے بند رہے گی۔

یہ پیش رفت ارب پتی شخصیت ایلون مسک کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چھ دہائیوں سے قائم امریکی امدادی اور ترقیاتی ایجنسی کو بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ایلون مسک، صدر ٹرمپ اور چند ریپبلکن اراکین کانگریس نے امریکی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کے تحت تقریباً 120 ممالک میں انسانی، ترقیاتی اور سکیورٹی پروگرام چلائے گئے۔

حال ہی میں یو ایس ایڈ کے2 سکیورٹی چیفس کو ٹرمپ انتظامیہ نے خفیہ دستاویزات ایلون مسک کی ٹیم کے حوالے نہ کرنے پر جبری رخصت پر بھیج دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو وفاقی ایجنسیوں کی تشکیل نو اور حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی لانے کی اہم ذمہ داری سونپی ہے۔