مظفرگڑھ۔ 14 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن نے کہا ہے کو پولیو سے بچاؤ کی مہم ایک قومی فریضہ ہے 16 دسمبر سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے والدین سمیت تمام متعلقہ محکمے اپنا کردار ادا کریں۔ عوام کو آگاہ کریں کہ وہ انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلوائیں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔
یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلا کر ماہ دسمبر کے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں اور دوسرے والدین کو بھی اس کی تلقین کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم 16 سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔
اس دوران ضلع مظفرگڑھ کے 8لاکھ 49 ہزار 423 بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم میں پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود رہیں گے۔اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے 3472 موبائل ٹیموں سمیت کل 3693 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بس اسٹینڈز، ویگن سٹینڈز اور ریلوے اسٹیشن پر بھی ٹیمیں موجود ہوں گی۔