لاہور۔26فروری (اے پی پی):والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی مال روڈ مری کی آرائش اور بیرونی دیواروں کی بحالی کے پراجیکٹ پر کام کا آغاز کر نے جا رہی ہے
ترجمان کے مطابق یہ جگہ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے ساتھ مری کے قلب میں واقع ہے، اس کی تاریخ 1857 کی اوراس کا پرانا نام جناح روڈ تھا، اس علاقے کی ترتیب یورپی ٹائون پلاننگ پر مبنی ہے،تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے علاوہ مال روڈ مری خطے کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں پاکستان بھر اور بیرون ملک سے آنے والے سیاح موسم گرما و سرما میں پر سکون نظارے اور برف باری کے موسم کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد اس تاریخی سڑک کے دونوں ا طراف عمارات کے بیرونی حصے کو خوبصورت وبہتربنانا، گلیوں کی دوبارہ مرمت کرنا ، بیٹھنے کی جگہوں میں اضافہ اور بجلی کی فراہمی کے موجودہ ڈھانچے کو بہتر بنانا شامل ہے۔
اس منصوبے کا بڑا مقصد اس علاقے کی سیاحت کو فروغ دینا ہے ، اس منصوبے میں عمارتوں کے بیرونی حصے کو بہتر بنا نا ، گلیوں کی بحالی و مرمت ،عوامی مقامات پر سہولتوں کی فراہمی اور ایریا کو مزید پر کشش بنانا شامل ہے۔
700 میٹر کی لمبائی پر محیط اس علاقے میں شروع ہونے والے اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 554.88 ملین روپے اور یہ منصوبہ جون 2026 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مال روڈ، مری تاریخ اور قدرتی حسن کا خزانہ ہے،یہ منصوبہ صرف مال روڈ کی زیبائش کے متعلق نہیں ، یہ ہمارے ورثے کو محفوظ رکھنے کے لئے ہے تا کہ آنے والی نسلیں اس وراثت سے لطف اندوز ہو سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ یہ شاندار تاریخی علاقہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہے۔