اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا اور آرمی نے نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز (جمعہ کو) دفاعی چیمپئن واپڈا نے اپنے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور فیصل آباد کو اپنے اٹیکنگ کھیل کی بدولت 13 کے مقابلے میں 50 پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی۔
واپڈا کی طرف سے حجاب فاطمہ نے 22 اور سدرہ حکیم نے 12 پوائنٹس سکور کئے۔ دوسرے میچ میں آرمی نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت اسلام آباد کو 21-53 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل رائونڈ تک رسائی کو یقینی بنایا۔ آرمی کی طرف سے عائشہ دلشاد نے25، آمنہ محسن نے 10 پوائنٹس سکور کئے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 29 دسمبر جبکہ فائنل 30 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔