واپڈا اور جوائنٹ ونچر کے درمیان کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کیلئے مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط

154

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):واپڈا نے کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کیلئے مشاورتی خدمات کی فراہمی کیلئے 4کمپنیوں پر مشتمل جوائنٹ ونچر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے، معاہدے کی مالیت 77 کروڑ 63 لاکھ روپے ہے، ترک کمپنی ڈولسر جوائنٹ ونچر میں لیڈ فرم ہے جبکہ دیگر تین کمپنیوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔

مشاورتی خدمات میں کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے لئے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن،نظر ثانی شدہ پی سی ون کی تیاری، زمین کے حصول اور متاثرین کی آباد کاری کے تخمینے پر مشتمل پی سی ون اور ٹینڈر دستاویزات کی تیاری شامل ہے، مشاورتی خدمات کا دورانیہ 22ماہ ہوگا، مشاورتی خدمات کی فراہمی کیلئے ا یشیائی ترقیاتی بینک مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں چیف انجینئر/پراجیکٹ ڈائریکٹر کرم تنگی ڈیم محمد شفیق نے واپڈا کی جانب سے جبکہ ڈولسر کے کوآرڈینیٹر برائے انٹرنیشنل پراجیکٹس جم آکر نے جوائنٹ ونچر کی جانب سے معاہد ے پر دستخط کئے۔ تقریب میں ممبرپاور واپڈا جمیل اختر کے علاوہ ایڈوائزر(پراجیکٹس)، جنرل منیجرپراجیکٹس(نارتھ)، جنرل منیجر کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ واٹر، جنرل منیجر سنٹرل کنٹریکٹ سیل، جنرل منیجر سنٹرل ڈیزائن اور جنرل منیجر ہائیڈرو ریسورس مینجمنٹ بھی شریک ہوئے۔

کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کا دوسرا مرحلہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کرم گڑھی ہیڈ ورکس سے 14کلو میٹر بالائی جانب اور بنوں شہر کے شمال میں 32کلو میٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا جائے گا۔ ڈیم سے1.2ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا،جبکہ 65میگاواٹ پن بجلی بھی پیداہوگی۔ منصوبے سے 38ہزار ایکڑ نئی اراضی سیراب ہوگی اور ساتھ ہی 2لاکھ 78 ہزارایکڑ موجودہ اراضی کو بھی کاشت کاری کیلئے اضافی پانی دستیاب ہوگا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا کرم تنگی ڈیم کا پہلا مرحلہ تعمیر کررہا ہے جس سے 16ہزار 380ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی اور18.4میگاواٹ پن بجلی پیداہو گی۔کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ شمالی وزیرستان کے لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔