اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا نے آرمی کو فیصلہ کن معرکے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 33 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے شکست دیتے ہوے ایک بار پھر نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپین شپ کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں کھیلی جانیوالی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جنرل منیجر/صدر واپڈا سپورٹس بورڈ جناب امداد اللہ میمن تھے جبکہ اختتامی تقریب میں پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ایونٹ کے فائنل میچ میں واپڈا نے ایک بار پھر اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ ہاف ٹائم تک 12پوائنٹس کی برتری نے واپڈا کو چیمپئن شپ کے ٹائٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوسرے ہاف میں آرمی نے کم بیک کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن واپڈا کی برتری کو ختم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔واپڈا کی طرف سےحجاب فاطمہ نے 10 کائنات ظفر نے10 پوائنٹس جبکہ آرمی کی طرف سے فجر فاطمہ نے9، کاشفہ نورین نے 8پوائنٹس سکور کئے، ایونٹ میں تیسری پوزیشن لاہور ڈویژن کے نام رہی۔
لاہور نے تیسری پوزیشن کے میچ میں کراچی کو 23-48 پوائنٹس سے شکست دی۔ جنرل منیجر/صدر واپڈا سپورٹس بورڈ جناب امداد اللہ میمن نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ پانچ روزہ چیمپئن شپ میں آٹھ بہترین ٹیمیں مدمقابل تھیں ۔