ردبئی ۔10فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف ) نے پیش گوئی کی ہے کہ عالمی اقتصادی ترقی سال2025 اور 2026 میں 3.3 فیصد کی شرح پر برقرار رہے گی، تاہم آئندہ پانچ سال میں یہ ترقی3 فیصد سے قدرے زیادہ رہنے کی توقع ہے، یہ ایک مستحکم شرح نمو ہے، لیکن یہ تاریخی اوسط سے کم ہے۔
امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر، کرسٹالینا جارجیوا نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے افتتاحی روز 9ویں عرب مالیاتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اقتصادی نمو 2025 میں 3.6 فیصد تک پہنچنے کی امید ہے، جس کی بڑی وجوہات تیل کی پیداوار میں بحالی اور خطے میں تنازعات میں کمی ہوں گی۔
جارجیوا نے کہا کہ پالیسی سازوں نے عمومی طور پر مہنگائی کو قابو میں رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے، لیکن کچھ ممالک میں افراط زر دوبارہ بڑھ رہا ہے، جو مختلف ممالک میں شرح سود کے فرق اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے قرض لینے کے زیادہ اخراجات کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی قرضہ 2030 تک عالمی جی ڈی پی کے 100 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک پہلے ہی شدید مالیاتی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں قرضوں کی سطح جی ڈی پی کے 70 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، جو انہیں کم ترقی اور زیادہ قرضوں کے جال میں پھنسا سکتا ہے۔
جارجیوا نے کہا کہ حکومتوں کو ملازمتیں پیدا کرنے، سوشل سیفٹی نیٹ کو مضبوط کرنے، قومی سلامتی اور بحالی کی ضروریات کو اپنانے، قدرتی آفات سے بچاؤ، اور معیشت کو متنوع بنانے جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اختراع اور مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کی ترقی سے 2030 تک متحدہ عرب امارات کی معیشت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جب کہ تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی ) میں اضافی سرمایہ کاری سے پیداواری صلاحیت مزید بڑھے گی،مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں نمو 2025 میں تقریباً 3.6 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر، جہاد ازعور نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے درمیان شرح نمو میں فرق بڑھ رہا ہے، جہاں بعض ممالک مالیاتی اور جغرافیائی سیاسی دباؤ کے باعث شدید سست روی کا شکار ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ایم ایف ترقی پذیر ممالک کے لیے مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا، اور پائیدار ترقی کے لیے ساختی اصلاحات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=558561