راولپنڈی۔ 07 اپریل (اے پی پی):واہ کینٹ کے علاقہ میں ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی پولیس اہلکاروں نے بجاڑ روڈ دوران ناکہ بندی موٹرسائیکل سوار 03 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل وقاص کو سینے پر فائر لگا جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا، دوران سرچنگ 02 نامعلوم ملزمان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مردہ حالت میں پائے گئے،
زیر استعمال مسروقہ موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا،برآمد کردہ موٹرسائیکل چند روز قبل واہ کینٹ سے چوری کیا گیا تھا،واقعہ کی اطلاع پر سینئرافسران اور ایس ایچ او پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ فوری موقعہ پر پہنچ گئے، ملزمان کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، ہلاک ملزمان کے فرار ساتھی کی تلاش کے لیے علاقہ میں سرچنگ کی گئی،خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔