ورائٹی ایویلیوایشن کمیٹی کا اجلاس،سورج مکھی کی چار نئی ہائبرڈزاقسام ممکنہ ماحولیات میں تجارتی کاشت کیلئے تجویز

192
ورائٹی ایویلیوایشن کمیٹی کا اجلاس،سورج مکھی کی چار نئی ہائبرڈزاقسام ممکنہ ماحولیات میں تجارتی کاشت کیلئے تجویز

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):ورائٹی ایویلیوایشن کمیٹی (وی ای سی )نے سورج مکھی کی چار نئی ہائبرڈز، سرسوں کی تین ہائبرڈز ، سویا بین، ریپسیڈاور مونگ پھلی کی ایک قسم جبکہ گنے کی دو اقسام کو ممکنہ ماحولیات میں تجارتی کاشت کے لئے تجویز کیا ہے۔

تیلدار فصلوں کے بیج اور گنے کی فصلوں پر وی ای سی کا اجلاس پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی ) ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ممبر (پی ایس ڈی)/چیئرمین (وی ای سی) ڈاکٹر امتیاز حسین نے کی جس میں مختلف سرکاری و نجی شعبے کی تنظیموں اور پالیسی سازوں سے تعلق رکھنے والے کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سویا بین، کینولا، ریپسیڈ، سرسوں، سورج مکھی، مونگ پھلی اور تل کی امیدوار اقسام/ہائبرڈز کے ساتھ ساتھ گنے کی چار تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ مکمل جائزہ اور بحث کے بعد کمیٹی نے چار نئے سورج مکھی کے ہائبرڈ، تین سرسوں کی قسمیں/ہائبرڈ، سویا بین، ریپسیڈ اور مونگ پھلی کی ایک قسم جبکہ گنے کی دو اقسام ممکنہ ماحولیات کے لئے تجویز کیں۔

افتتاحی کلمات کے دوران چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی نے تمام سٹیک ہولڈرز کی فصلوں کی پیداواری صلاحیت کو بالعموم اور خاص طور پر تیل کے بیجوں کو بڑھانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ خوردنی تیل میں درآمدی متبادل کے حصول کے لئے قریبی تعاون سے کام کریں۔