ایڈن گارڈنز۔28اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈکپ میں نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، بنگال ٹائیگرز کو میگا ایونٹ میں پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگالی ٹیم 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42.2 اوورز میں 142رنز پر ڈھیر ہو گئی، بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی بیٹرخاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا،
پال وان میکرین نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیااور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ہفتہ کو ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 28 ویں میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 229 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان سکاٹ ایڈورڈز 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، ویسلے بریسی 41، کولن ایکرمین 15، باس ڈی لیڈ 17، سیبرانڈ 35، شیرازاحمد 6، آریان دت 9، وکرامت سنگھ 3، میکس اوڈوڈ اور پال وان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے،
شرافل اسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.2 اوورز میں 142رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مہدی حسن میراز 35، محموداللہ 20، مستفیض 20، مہدی حسن 17، لٹن داس 3، تنزید حسن 15، کپتان شکیب الحسن 5، نجم الحسین 9 اور تسکین احمد 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
پال وان میکرین نے 4، باس ڈی لیڈ نے 2 جبکہ آریان دت، لوگان وان بیک اور کولن ایکرمین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یہ نیدرلینڈز کی میگا ایونٹ میں دوسری کامیابی ہے اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود ہے، نیدرلینڈز نے اس سے قبل جنوبی افریقن ٹیم کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم پانچویں شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دو پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=406246