بنگلورو۔12نومبر (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے آخری لیگ میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو بآسانی 160 رنز سے شکست دے دی ، میزبان ٹیم نے تمام 9 میچ جیت کر ابتدائی رائونڈ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا ، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے ، شریاس آئر اور کے ایل راہول نے سنچریاں سکور کیں ، نیدرلینڈز کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، تیجا ندامنارو نے ففٹی سکور کی، جسپریت بمرا ، محمد سراج ، روندرا جدیجا اور کلدیپ یادیو نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، شریاس آئیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،
اتوار کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم ، بنگلورو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 45ویں میچ میں بھارتی کپتان روہیت شرما نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، بھارت نے شریاس آئیر اور کے ایل راہول کی شاندار سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے ، دونوں بیٹرز نے دھواں دار بیٹنگ کی ، شریاس آئیر نے 94 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 128 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول نے 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ،
کپتان روہیت شرما نے 61 جبکہ شبمان گل اور ویرات کوہلی نے 51 ، 51 رنز بنائے ، نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، نیدرلینڈز کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، تیجا ندامنارو 54 ، سائبرینڈ اینگلبریکٹ 45 ، کولن ایکرمین 35 ، میکس او ڈوڈ 30 اور سکاٹ ایڈورڈز 17 رنز بنا کر نمایاں رہے ، بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا ، کلدیپ یادیو ، محمد سراج اور روندرا جدیجا نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔