اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):ورلڈ بینک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پنجاب میں فضائی آلودگی کے خلاف جنگ اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے”پنجاب کلین ایئر پروگرام( پی سی اے پی)”کے تحت 30 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا ہے۔ یہ قرضہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کے ذریعے دیا جائے گا۔ ہفتہ کو جاری ایک پریس ریلیزکے مطابق یہ پروگرام صوبائی حکومت کے ”سموگ میٹیگیشن ایکشن پلان (ایس ایم اے پی) کو سپورٹ کرے گا، جس کا مقصد پنجاب خاص طور پر لاہور ڈویژن میں فضائی آلودگی اور سموگ کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔
اس کے تحت ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، توانائی اور میونسپل خدمات جیسے اہم شعبوں میں جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ ورلڈ بینک کے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسین نے کہا کہ یہ پروگرام پنجاب کے سموگ ایکشن پلان کو سپورٹ کرتا ہے اور لاکھوں شہریوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ صاف ہوا سے سانس اور دل کی بیماریوں میں کمی آئے گی، جس سے ماحول زیادہ صحت مند اور رہنے کے قابل ہوگا۔ پنجاب کلین ایئر پروگرام ورلڈ بینک کے نئے’کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے مطابق ہے اور اس کا ہدف اگلے دس سال میں PM2.5 فضائی آلودگی کے خطرناک ذرات کی مقدار میں35 فیصد کمی کرنا ہے۔
اس سے لاہور ڈویژن کے 1.3 کروڑ باشندوں میں سانس اور دیگر آلودگی سے متعلق بیماریوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ اہم اقدامات میں 5000 سپر سیڈرز کی فراہمی تاکہ فصلوں کے باقیات جلانے (کھیتوں میں آگ لگانے) کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ 600 الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ عوامی نقل و حمل کو فروغ دیا جا سکے۔ پنجاب بھر میں ہوا کے معیار کی نگرانی کے اسٹیشنزکو بڑھایا جائے گا۔
دو نئے’فیول ٹیسٹنگ لیبارٹریز’ قائم کی جائیں گی تاکہ ایندھن کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی آگاہی اور موسمیاتی فوائد پروگرام کے تحت عوام میں شعور بڑھانے کے لیے خاص طور پر اسکولوں اور ہسپتالوں میں مہم چلائی جائے گی ۔ PM2.5 میں کمی کے ساتھ ساتھ، یہ پروگرام 12 سال میں 35.6 ملین میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرے گا، جس سے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔
ورلڈ بینک کے پروجیکٹ لیڈر شیام سری نواسن نے کہا کہ یہ پروگرام کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گا، الیکٹرک بسوں کے شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور پرانے گاڑیوں کے مالکان کی مدد کرے گا۔ اس کے علاوہ، حکومتی اہلکاروں کی تربیت سے ماحول کو زیادہ پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے سے پنجاب کے عوام کو صاف ہوا اور بہتر صحت کی سہولت میسر آئے گی، جس سے معیار زندگی بہترہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577309