اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر سابق سکواش لیجنڈ قمر الزمان نے کہا ہے کہ ورلڈ سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ پی ایس اے کے ایونٹس دیں گے‘ مصر اور ملائیشیا کے آفیشلز نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ‘ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی کو شکست سے دو چار کرسکتے ہیں تاہم انہیں پالش کرنے کی ضرورت ہے۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان نے کہا کہ ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جو کہ پولینڈ میں کھیلی گئی جس کا ٹائٹل پاکستان نے حاصل کیا ہے وہاں پر ورلڈ سکواش فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو اینڈرو شیلے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہیں پاکستان میں سکواش کے مقابلوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ پاکستان کھیلوں کیلئے ساز گار ملک ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=17918