اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):ورلڈ لبرٹی فنانشل جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت یافتہ ایک ڈیسنٹرلائزڈ فنانس (DeFi) پلیٹ فارم ہے ، نے پاکستان میں بلاک چین کی جدت، اسٹیبل کوائن کے استعمال اور ڈیسنٹرلائزڈ فنانس (DeFi) کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کرپٹو کونسل (PCC) کے ساتھ اہم معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈبلیو ایل ایف کےوفد جس میں زیکری فولک مین، زیکری وٹکوف (اسٹیو وٹکوف کے بیٹے، جو مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی ہیں) اور چیس ہیرو نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیرِ اعظم، آرمی چیف، نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ اطلاعات اور وزیرِ دفاع شامل تھے تاکہ اس تعاون کو رسمی شکل دی جا سکے۔ یہ قدم پاکستان کو ڈیجیٹل فنانس کے عالمی انقلاب میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی طرف لے جا رہا ہے۔
پاکستان کی یہ پیش قدمی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ملک مالی جدت کی نئی لہر کو اپنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت نے جلد ہی کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل دینے کے جامع پالیسی اعلانات کی تیاری کی طرف اشارہ کیا ہے، جو پاکستان کو دنیا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کرپٹو مارکیٹس میں سے ایک بنانے میں مدد دے گا۔ یہ معاہدہ ورلڈ لبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔
اس اجلاس میں پاکستان کے وزیرِ خزانہ، کونسل کے سی ای او، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین ایس ای سی پی اور وفاقی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شریک ہوئے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے درج ذیل شعبوں میں تعاون کریں گے، ان شعبوں میں بلاک چین پر مبنی مالی مصنوعات کے لیے ریگولیٹری سینڈ باکسز کا قیام ، ڈیسنٹرلائزڈ فنانس پروٹوکولز کی ذمہ دارانہ ترقی کو فروغ دینا ، جائیداد اور دیگر اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات کا جائزہ ، ترسیلات زر اور تجارت کے لیے اسٹیبل کوائن کے استعمال کو بڑھانا ، بلاک چین انفراسٹرکچر اور عالمی ریگولیٹری رجحانات پر مشاورت شامل ہیں۔
پاکستان دنیا کی سب سے امید افزا ڈیجیٹل معیشتوں میں سے ایک ہے، جہاں 64 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ ملک کرپٹو کرنسی کے استعمال کے لحاظ سے دنیا کے سر فہرست ممالک میں شامل ہے، جہاں سالانہ تقریباً 300 ارب ڈالرکی کرپٹو لین دین ہوتی ہے اور 2.5 کروڑ سے زائد صارفین فعال ہیں۔ موبائل انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی رسائی، فری لانس معیشت کی مضبوطی اور بلاک چین ٹیکنالوجی میں حکومتی دلچسپی کی وجہ سے پاکستانی نوجوان ویب تھری انوویشن کی اگلی لہر کو آگے بڑھانے کے لیے منفرد پوزیشن میں ہیں۔
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ اور ٹیکنالوجی سیکٹر ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ اس طرح کے تعاون سے ہم بلاک چین معیشت میں سرمایہ کاری، جدت اور عالمی قیادت کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کہا کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ہمارا تعاون صرف ایک شراکت داری نہیں بلکہ یہ ہماری نوجوان آبادی کو بااختیار بنانے اور پاکستان کو عالمی فنانس کے مستقبل سے جوڑنے کی ایک حکمتِ عملی ہے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کی قیادت نے پاکستان کی توانائی اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی توانائی، بصیرت اور صلاحیت اسے ڈیسنٹرلائزڈ فنانس کے مستقبل کی تعمیر کے لیے دنیا کے سب سے دلچسپ مقامات میں سے ایک بناتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588344