ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 107 رنز سے ہرا دیا،

سینچورین۔ 29 دسمبر (اے پی پی) ئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 107 رنز سے شکست دے دی، یہ پروٹیز کی چیمپئن شپ میں پہلی کامیابی ہے، انگلش ٹیم 376 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 268 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، روری برنز کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی میزبان بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، برنز 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، ربادا نے 4 وکٹیں لیں، ڈی کوک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو سینچورین ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 121 رنز 1 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو روری برنز 77 اور جوئے ڈینلی 10 رنز پر کھیل رہے تھے، 139 کے سکور پر نورٹج نے برنز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 84 رنز کی اننگز کھیلی، ڈینلی 31 رنز بنا کر پریٹوریس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 204 کے سکور پر انگلش ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سٹوکس 14 رنز بنانے کے بعد مہاراج کی گیند پر بولڈ ہوئے، جونی بیئرسٹو بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا سکے، انہیں ربادا نے اپنا شکار بنایا، 232 کے سکور پر انگلش ٹیم کی چھٹی وکٹ گری جب کپتان جوروٹ 48 رنز بنا کر نورٹج کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 268 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ثام کیورن 9، جوز بٹلر 22، جوفرا آرچر 4 اور سٹورٹ براڈ 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ربادا نے 4، نورٹج نے 3، مہاراج نے 2 اور پریٹوریس نے ایک وکٹ لی۔