لکھنئو۔3نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، افغان ٹیم نے نیدرلینڈز کا 180 رنز کا آسان ہدف 31.3اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں، محمد نبی کو 3 اہم وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جمعہ کو اٹل بہاری واجپائی کرکٹ سٹیڈیم لکھنئو میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے34 ویں میچ میں نیدرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ صرف تین رنز پر ہی گر گئی اس کے بعد میکس او ڈوڈ نے کولن ایکرمین کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم 73 کے مجموعی سکور پر میکس اوڈوڈ 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے اور کچھ اوورز کھیلنے کے بعد کولن ایکرمین بھی 29 رنز بنا کر پویلن لوٹ گئے، اس موقع پر سائبرانڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، سائبرانڈ نے58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، نیدرلینڈز کے لوئر آرڈر اور ٹیل اینڈرز افغان بائولرز کے سامنے ناکام نظر آئے اور اپنی وکٹیں وقفے وقفے سے گنواتے رہے۔
افغانستان کے تجربہ کار آل رائونڈر محمد نبی نے 28 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں، نور احمد نے2 اور مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ افغانستان نے نیدرلینڈز کا 180 رنز کا آسان ہدف 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، افغانستان کی ابتدائی دو وکٹیں 55 رنز پر گر گئیں جب اوپننگ جوڑی رحمان اللہ گرباز 10 اور ابراہیم زادران 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز کی شراکت قائم کرکے مجموعی سکور کو 129 رنز تک پہنچا دیا، رحمت شاہ 52 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی 56 اور عظمت اللہ عمرزئی 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے لوگان وان بیک، رولف وان ڈر مروے اور ثاقب ذوالفقار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کے آل راونڈر محمد نبی کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئی ہے جبکہ ابھی اس کے دو میچز باقی ہیں۔