پونے۔1نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 190 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، پروٹیز کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 36ویں اوور میں 167 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کی چوتھی اور راسی وان ڈر داسن نے دوسری سنچری سکور کی، کیشو مہاراج نے 4 وکٹیں حاصل کیں،
راسی وان ڈر داسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کے روز مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 38 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب کپتان ٹمبا باووما 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود پروٹیز بلے بازوں نے کیوی بائولرز کو دبائو میں رکھا اور سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کردیا،
اوپنر کوئنٹن ڈی کوک اور راسی وان ڈر داسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 200 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا، کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی، وہ 116 بالوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ راسی وان ڈر داسن نے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 118 بالوں پر 133 رنز بنائے، ڈیوڈ ملر نے 29 بالوں پر 53 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بائولر ٹم سائوتھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے 358 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 36ویں اوور میں 167 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جنوبی افریقی بائولرز نے 100 رنز پر 6 کھلاڑی آئوٹ کرکے نیوزی لینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، گلین فلپس نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر ول ینگ 33، ڈیرل مچل 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ نیوزی لینڈ کے 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے سپنر کیشو مہاراج نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مارکو جانسن تین، گیرالڈ کوٹزے نے دو اور کگیسکو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقن ٹیم چھٹی فتح کے بعد12پوائنٹس کے ساتھ بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=407341