ورلڈ کپ، سری لنکا کاپاکستان کو فتح کیلئے 345 رنز کا ہدف ، کوسل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کی شاندار سنچریاں

76
ICC
ICC

حیدرآباد۔10اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو فتح کے لئے 345 رنز کا ہدف دے دیا، کوسل مینڈس اور سدیرا سماراراوکرما نے شاندار سنچریاں سکور کیں، پاکستان کے فاسٹ بائولر حسن علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

منگل کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، سری لنکا کی پہلی وکٹ 5 کے مجموعی سکور پر گرنے کے بعد پاتھم نسانکا اور کوسل مینڈس نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور107 رنز پر پہنچا دیا جس کے بعد نسانکا51 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد نئے آنے والے بیٹر سدیرا سماراوکرما نے کوشل مینڈس کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا اور دونوں بیٹرز کے مابین 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کوشل مینڈس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی، وہ 77 بالوں پر 6 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 122 رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ حسن علی نے اپنے اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر چارتھ اسالنکا کو ایک رن پر آئوٹ کرکے پاکستان کے لئے چوتھی وکٹ حاصل کی۔ سدیرا سماراوکرما نے 89 بالوں پر 108 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر سری لنکا کے سکور کو محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔

سدیرا کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹرز قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ دھننجایا ڈی سلوا 25، کپتان داسن شناکا 12، دنیتھ ویلالاگے 10 اور مہیش تھیکشانا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 71 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، حارث رئوف نے 2، شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے 345 رنز کا ہدف ملا ہے۔