ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، مچل سینٹنر کی شاندار آل رائونڈ پرفارمنس

91
ICC
ICC

حیدرآباد۔9اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو آسان مقابلے کے بعد 99 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، کیوی ٹیم کے 323 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز 46.3 اوورز میں 223 رنز پر آئوٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کے تین بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، مچل سینٹنر کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پیر کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو اس کیلئے مہنگا ثابت ہوا، نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے، کیوی اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز بنائے، ڈیون کونوے 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو ول ینگ نے راچن رویندرا کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور مجموعی سکور کو 144 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر ول ینگ 70 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، راچن رویندرا 51، ٹام لیتھم53 اور ڈیرل مچل48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

گلین فلپ4 اور مارک چیمپ مین5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ آل رائونڈر مچل سینٹنر 36 اور میٹ ہنری10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیدرلینڈز کے بائولرز آریان دت، وین میکیرن اور وین ڈر مروے نے 2، 2 جبکہ باس ڈی لیڈے نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ نیوزی لینڈ کے323 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 46.3 اوورز میں223 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کولن ایکرمن نے 73 بالوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے30 اور سائبرینڈ نے29 رنز سکور کئے، ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

نیوزی لینڈ کے آل رائونڈر مچل سینٹنر نے بیٹنگ کے بعد بائولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہنری نے3 جبکہ راچن رویندرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مچل سینٹنر کو میچ میں شاندار آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوفتوحات کے بعدورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی ہے۔