ورلڈ کپ ، افغانستان نے پاکستان کو 8وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے دی ، ابراہیم زادران پلیئر آف دی میچ قرار

119
ورلڈ کپ

چنائی۔23اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی، یہ افغانستان کی گرین شرٹس کے خلاف ون ڈے تاریخ میں پہلی فتح ہے، افغان ٹیم نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف 49 اوورز میں حاصل کرلیا، افغانستان کے تین بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، ابراہیم زادران کو بہترین کارکردگی پر پلیئرآف دی میچ قرار دیا گیا، یہ گرین شرٹس کی میگا ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے اور اس کے بعد اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی معددم ہو گئے۔

پیر کو چنائی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز آغاز فراہم کیا، پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹر امام الحق 56 کے مجموعے پر17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،

اس کے بعد کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم110 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق58 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ عبداللہ شفیق کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹر محمد رضوان کچھ ہی دیر بعد8 رنز بنانے کے بعد120 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے، کپتان بابراعظم نے ایک اینڈ پر سکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر آنے والے بیٹر سعود شکیل مجموعی سکور 163 پر 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 30ویں نصف نصف سنچری مکمل کی ، انہوں نے شاداب خان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور43 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 206 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان بابراعظم74 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ نئے آنے والے بیٹر افتخار احمد نے شاداب خان کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں بیٹرز نے 73 رنز کی شراکت قائم کرکے سکور کو 279 پر پہنچا دیا، شاداب خان اور افتخار احمد 40,40 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ افغانستان کی طرف سے نور احمد نے 3 اور نوین الحق نے دو وکٹیں حاصل کیں،

محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوورز میں حاصل کرلیا، افغان اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی، ابراہیم زادران نے 87 اور گرباز نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، ان کے سامنے پاکستان کے تمام بائولرز بے بس دکھائی دیئے، دونوں بیٹرز نے 96 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو تاریخی فتح دلوائی۔ رحمت شاہ 77 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حارث رئوف، شاداب خان اور اسامہ میر ایک مرتبہ پھر مہنگے بائولرز ثابت ہوئے۔ اس طرح افغانستان پاکستان کو اہم میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر کے ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔