احمد آباد۔10نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، پروٹیز نے 245 رنز کا ہدف 47.3 اوورز میں حاصل کرلیا، راسی وان ڈر داسن کو 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، افغان بیٹر عظمت اللہ عمرزئی کی 97 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز رائیگاں گئی۔ جمعہ کو احمد آباد میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 42 ویں میچ میں افغانستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 244 رنز پر آئوٹ ہوگئی، افغان اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب اس کے ابتدائی 3 بلے باز 41 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، رحمان اللہ گرباز 25، ابراہیم زادران 15 اور کپتان حشمت اللہ شاہدی 2 رنز پر آئوٹ ہوئے۔
اس موقع پر عظمت اللہ عمرزئی نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم رحمت شاہ بھی 26 رنز کی اننگز کھیل کر 94 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اینڈ پر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر وکٹیںگرنے کا سلسلہ جاری رہا، عظمت اللہ عمرزئی نے 97 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں، نور احمد 26، اکرام علی خیل 12، محمد نبی 2، راشد خان 14، مجیب الرحمان 8 اور نوین الحق دو رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
جنوبی افریقی بائولر گیرالڈ کوٹزے نے 44 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کرکے افغان ٹیم کو بڑے سکور سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لونگی نگیدی اور کیشو مہاراج نے دو دو جبکہ فلہوکوایو نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ افغانستان کا 245 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں حاصل کرلیا، اوپننگ بیٹرز کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹمبا باووما نے ٹیم 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، ڈی کون 41 اور باووما 23 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے تو راسی وان ڈر داسن نے ذمہ دارانہ بٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، انہوں نے 95 بالوں پر 76 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں ایڈن مارکرم 25، کلاسین 10، ڈیوڈ ملر 24 رنز بنائے، اینڈیل فلہوک وایو 39 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
افغانستان کیسپنرز محمد نبی اور راشد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ راسی وان ڈر داسن کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔