ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی، تبریز شمسی پلیئر آف دی میچ قرار

160
ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی، تبریز شمسی پلیئر آف دی میچ قرار
ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیدی، تبریز شمسی پلیئر آف دی میچ قرار

چنائی۔27اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی، پاکستان کا 271 رنز کا ہدف پروٹیز نے 47.2 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ایڈن مارکرم نے 91 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تبریز شمسی کو 4 اہم وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، اس شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے امکانات انتہائی معدوم ہوگئے ہیں۔

جمعہ کو ایم اے چدمبرم سٹیڈیم چنائی میں کھیلے گئے 26 ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، اوپننگ جوڑی عبداللہ شفیق اور امام الحق ایک مرتبہ پھر امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور 38 کے مجموعی سکور پر بالترتیب9 اور 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر کپتان بابراعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر48 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کے سکور کو86 تک پہنچا دیا، پاکستان کی تیسری وکٹ 86 رنز پر گری جب محمد رضوان27 گیندوں پر31 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،

اس کے بعد نئے آنے والے بیٹر افتخار احمد نے چند اچھے شارٹس کھیلے تاہم 129 کے سکور پر وہ21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ کچھ ہی دیر بعد141 کے مجموعی سکور پر تبریز شمسی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ لوئر آرڈر بلے باز سعود شکیل نے شاداب خان کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں84 رنز کا اضافہ کیا، 225 کے سکور پر شاداب خان 36 گیندوں پر 43 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو چند اوورز کے بعد سعود شکیل 52 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے بعد 240 رنز پر آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد دیگر آنے والے بیٹرز نے جلد اپنی وکٹیں گنوا دیں، محمد نواز 24 ، شاہین شاہ آفریدی دو اور محمد وسیم 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے سپنر تبریز شمسی نے 4 اور مارکو جانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گیرالڈ کوٹزے نے 2 اور لونگی نگیدی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان کا 271 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں حاصل کرلیا، اوپننگ جوڑی ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا محتاط انداز میں آغاز کیا تاہم 34 کے مجموعی سکور پر ان فارم بلے باز ڈی کوک 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے جبکہ باووما 67 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،

اس کے بعد راسی وان در داسن اور ایڈن مارکرم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 121 تک پہنچا دیا تاہم راسی وان در داسن 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بلے باز ایڈم مارکرم نے ایک اینڈ پر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، 136 کے سکور پر جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ گری جب ہیرک کلاسین 12 رنز بنا کر محمد وسیم کا شکار بنے۔ اس دوران مارکرم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ڈیوڈ ملر کے ساتھ شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 206 تک پہنچا دیا، ڈیوڈ ملر 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کے فاسٹ بائولرز نے مسلسل وکٹیں حاصل کرکے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔235 کے مجموعی سکور پر چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو جانسن 20 رنز بنا سکے۔ ایڈن مارکرم 250 کے مجموعی سکور پر 91 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل ہیں، مارکرم کے آئوٹ ہونے کے ساتھ ہی گیرالڈ کوٹزے دس رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

کیشو مہاراج نے 7 اور تبریز شمسی نے 4 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ شاہین آفریدی نے 45 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم اسامہ میر اور حارث رئوف نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔ اس شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ میں شامل رہنے کے امکانات انتہائی معدوم ہوگئے ہیں۔