چنائی۔23اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لئے 283 رنز کا ہدف دے دیا، کپتان بابراعظم اور عبداللہ شفیق نے نصف سنچریاں سکور کیں، افغان سپنر نور احمد نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پیر کو چنائی میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز آغاز فراہم کیا، پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹر امام الحق 56 کے مجموعی سکور پر17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم110 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق58 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، نئے آنے والے بیٹر محمد رضوان کچھ ہی دیر بعد8 رنز بنانے کے بعد120 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوگئے،
کپتان بابراعظم نے ایک اینڈ پر سکور بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دوسرے اینڈ پر آنے والے بیٹر سعود شکیل مجموعی سکور 163 پر 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 30ویں نصف نصف سنچری مکمل کی ، انہوں نے شاداب خان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور43 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 206 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان بابراعظم74 رنز بنا کر نور احمد کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹر افتخار احمد نے شاداب خان کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں بیٹرز نے 73 رنز کی شراکت قائم کرکے سکور کو 279 پر پہنچا دیا، شاداب خان اور افتخار احمد 40,40 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ افغانستان کی طرف سے نور احمد نے 3 اور نوین الحق نے دو وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے افغانستان کو فتح کے لئے 283 رنز کا ہدف دیا ہے۔