گلگت ۔ 6 اپریل (اے پی پی) قومی ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ جو لوگ عالمی کرکٹ کپ میں پاکستان اوربھارت کے درمیان میچ کی مخالفت کرتے ہیں وہ اس کھیل سے ہرگز مخلص نہیں، ایسے عناصر سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے جنٹلمین گیم کو تباہ کرنے پہ تلے ہوئے ہیں، دنیا کے تمام ممالک جن کا تعلق کرکٹ سے ہے وہاں کے لوگ پاک بھارت میچ کو پسند کرتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر گلگت سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینا اچھا فیصلہ تھا، اس سے ایک تو کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے چانسز کم ہوئے ہیں اور دوسری طرف کچھ آرام میسر آئے گا جس کے بعد وہ تازہ دم ہو کر بھرپور انداز سے ورلڈ کپ میں پرفارم کر سکیں گے۔ گلگت بلتستان میں پروفیشنل کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے انہوں نے صوبائی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ گلگت بلتستان سپر لیگ کے انعقاد سے یہاں سے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئینگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں گلگت بلتستان کی ٹیم کی شمولیت کے لئے اپنی بساط کے مطابق کوشش کروں گا۔