احمد آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 ء کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے283 رنز کا ہدف دے دیا، جو روٹ نے 77 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، کیوی فاسٹ بائولر میٹ ہینری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جمعرات کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنائے، انگلینڈ کے اوپننگ بیٹرز نے 40 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ ملان14 رنز بنا کر پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جبکہ64 کے مجموعی سکور پر جونی بیرسٹو33 رنز بنا پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک25 رنز بنا کر 94 کے مجموعی سکور پر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر جو روٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اینڈ پر وکٹ کو سنبھالے رکھا اور سکور کو آگے بڑھانے کا شروع کیا، انگلینڈ کی چوتھی وکٹ118 رنز پر گری جب معین علی 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ کپتان جوز بٹلر نے جو روٹ کے ساتھ مل کر 70 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم188 کے مجوعی سکور پر جوز بٹلر 43 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔
اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ انگلینڈ کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی لیام لیونگ سٹون221 کے مجموعی سکور پر20 رنز بنا کر ہوئے، سیم کرن 14 اور کرس ووکس 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ عادل رشید 15 اور مارک ووڈ 13 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بائولر میٹ ہنری نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مچل سنٹنر اور گلین فلپس نے دو دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور راچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔