ورلڈ کڈنی ہیلتھ ڈے، رینل کئیر فائونڈیشن کے تحت مختلف شہروں میں سیمینار اور واک کا اہتمام

124
ورلڈ کڈنی ہیلتھ ڈے، رینل کئیر فائونڈیشن کے تحت مختلف شہروں میں سیمینار اور واک کا اہتمام

لاہور۔13مارچ (اے پی پی):رینل کیئر فائونڈیشن کی جانب سے گردوں کے عالمی دن کے موقع پر لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سیمینارز اور واک کا انعقاد کیا گیا،جس کا مقصد گردوں کے امراض کے حوالے سے آگہی اور شعور کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو صحتمند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔رینل کئیر فاونڈیشن کے زیر اہتمام لاہور میں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین وحدت روڈ میں منعقدہ سیمینار میں گردوں کی بیماریوں، ان کی وجوہات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتہائی پر مغز اور معلوماتی گفتگو کی گئی۔

سیمینار میں شرکا کو صحت مند طرز زندگی اپنانے اور پانی کے مناسب استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ماہر امراض گردہ ڈاکٹر محمد عمر کا کہنا تھا کہ گردوں کے امراض کی بڑی وجوہات ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور مناسب طبی سہولیات کا فقدان ہے جس وجہ سے اس وقت پاکستان میں گردے کے امراض کاشکار مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گردوں کے امراض انتہائی تیزی سے بڑھ رہے ہیں جن قابو پانے کیلئے آگاہی بہت ضروری ہے۔پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین طاہرہ علی نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے، تاکہ لوگوں میں اس موذی مرض کے حوالے سے شعور اور آگہی کو عام کیا جا سکے۔ سیمینار کے بعد آگہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

رینل کئیر فاونڈیشن کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈگری کالج سیٹیلائٹ ٹاون میں بھی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں طالبات کی بری تعداد نے شرکت کی جبکہ آگہی واک میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔فیصل آباد میں گردوں کے عالمی دن کی مناسبت سے آگہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبا و طالبات سمیت شہر یوں نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ گردوں کا عالمی دن ہر سال مارچ کی دوسری جمعرات کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔