
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):ورکرز ویلفیئر فنڈز منصوبہ کے تحت آج18مارچ کواسلام آباد میں 15سوورکرز میں قر عہ اندازی کے ذریعے فلیٹس اور گھر تقسیم کیے جائیں گے ۔بدھ کے روز ترجمان وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 11 سال بعد اسلام آباد کے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کو گھروں کی فراہمی کا منصوبہ مکمل ہوگیا ہے ،آج وزیراعظم عمران خان ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت مزدور طبقے میں رہائشی فلیٹس اور مکانات کی چابیاں تقسیم کریں گے۔11سال سے التواء کا شکار یہ منصوبہ معاون خصوصی زلفی بخاری کی کاوشوں سے پورا ہواہے ۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 1000 سے زائد فلیٹس اور 500 مکانات تیارکیے گئے جبکہ فیز ٹو کیلئے وزیراعظم عمران خان آج مزید 1500 فلیٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔پہلی بار مورگیج کی بنیاد پر مزدور اور محنت کشوں کو اپنی ذاتی چھت فراہم کی جا رہی ہے۔منصوبے کے تحت بیواؤں اور معذوروں سمیت محنت کشوں کے درمیان گھروں کی تقسیم کی جائیگی،5 لاکھ روپے سے کم آمدنی والے افراد کو فلیٹس اور گھروں کے مالکانہ حقوق دئیے جائیں گے۔
اب تک ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت 3 ہزار ورکرز نے رجسٹریشن کروائی ہے ۔ورکرز کلاس کیلئے رقم کی ادائیگی کی معمولی قسط اور آسان شرائط کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ سابقہ ادوار میں حکومتی عدم دلچسپی کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوااور اس دوران فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث کنٹریکٹر نے منصوبہ ادھورا چھوڑ دیا تھا۔