لاہور۔28جنوری (اے پی پی):پنجاب سوشل سکیورٹی نے اپنے رجسٹرڈ ورکرز کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے اور صوبہ بھر میں قائم پیسی کے ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو دور حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ٹریننگ دینے کے لئے وزارت نیشنل سروسسز ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن کے زیر اہتمام کام کرنے والے معروف ادارے ہیلتھ سروسسز اکیڈمی کے ساتھ مختلف سیکٹرز میں تعاون کرنے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔
اس ضمن میں پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈآفس میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت پنجاب ملک فیصل کھوکھر، سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، وائس چانسلر ہیلتھ سروسسزاکیڈمی ڈاکٹر شہزاد، وائس کمشنر پیسی ڈاکٹر ذوالفقار علی کھرل اور گورننگ باڈی کے ممبران نے شرکت کی۔ کمشنر سوشل سیکورٹی محمد علی اور وائس چانسلر ہیلتھ سروسسز اکیڈمی ڈاکٹر شہزاد نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔
ایم او ایو کے مطابق سوشل سکیورٹی اور ہیلتھ سروسسز اکیڈمی مشترکہ میڈیکل ٹریننگ اور ریسرچ کے شعبہ میں کام کریں گے۔ پیسی ہسپتالوں میں کام کرنے والے میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مختلف ٹریننگ کورسسز کروائے جائیں گے۔ مزدوروں کو بیماریوں سے بچاکے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات کے لئے ویلنس سنٹر کا قیام کیا جائے گا جس میں مزدوروں کو بیماریوں سے بچا کے لئے اقدامات کے حوالے سے آگاہی اور ان کی کونسلنگ کی جائے گی۔ پنجاب سوشل سکیورٹی اور ہیلتھ سروسسز اکیڈمی ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور نرسنگ ڈگری پروگرام کو بھی شروع کر ے گا۔
پیسی کے پیرا میڈیکل سٹاف کی سکلِ ڈویلپمنٹ بھی کی جائے گی جس کے لئے ایک سالہ، تین سالہ اور چار سالہ ڈگری ڈپلومہ کے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہیلتھ سروسسز اکیڈمی کے میڈیکل کے طالب علم بھی میڈیکل کی سطح پر اپنی ٹریننگ پیسی کے ہسپتالوں میں کر سکیں گے۔ ہیلتھ سروسسز اکیڈمی کے پینل میں عالمی ڈونرز موجود ہیں جو مختلف کورسسز کرواتے ہیں پیسی ان سے بھی مستفید ہو گا۔ ہیلتھ سروسسز اکیڈمی اسلام آباد اور پنجاب سوشل سکیورٹی کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یاداشت کی بدولت پنجاب سوشل سکیورٹی کی میڈیکل، ایچ آر کی کوالٹی میں بہتری آئے گی۔
عرصہ دراز سے نہ ہونے والی ٹریننگ کا آغاز ہو گا اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی سکل ڈویلپمنٹ ہو گی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ہیلتھ سروسسز اکیڈمی ڈاکٹر شہزاد کا کہنا تھا کہ پیسی کے ڈاکٹر ز و دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی بہترین ٹریننگز کروائی جائیں گی۔جس سے تشخیص کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔ صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب کے مزدوروں کیلئے ترقی یافتہ ممالک میں پائی جانے والی جدید طبی سہولیات کو پنجاب کے مزدوروں کے لئے لا رہے ہیں۔
اس ایم او یو سے بلاشبہ مزدوروں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ کو بھی فائدہ حاصل ہو گا۔ عرصہ دراز سے ڈاکٹرز کی ٹریننگز نہ ہو سکتی تھی۔ یہ ایم او یو دونوں ڈیپارٹمنٹس کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ مزدوروں کو سکریننگ کی سب سے زیادہ ضرورت ہو تی ہے۔ ویلینس سنٹر کے قیام سے مزدوروں کو بیماریوں سے بچا کے لئے پیشگی اقدامات کئے جا سکیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کے مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں –