اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزات منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی کاموں میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طورپر اب تک 30 ارب 57 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے این ایچ اے کے لئے رواں مالی سال کے دوران ایک کھرب 85 ارب 19کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے6 لائن ہائی وے کالا شاہ کاکو۔لاہور رنگ روڈ تک کے لئے 51 کروڑ، برہان۔حویلیاں ایکسپریس وے کے لئے 12 کروڑ، خانیوال ایکسپریس وے کے لئے 25 کروڑ، پشاورموڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس کے لئے 50 کروڑ، کے کے ایچ فیز ٹو کے لئے 50کروڑ، جگلوٹ۔سکردو روڈ کی اپ گریڈیشن کے لئے 40 کروڑ، لاہور۔ملتان موٹر وے کے لئے 8 ارب 13 کروڑ، پشاور ناردرن بائی پاس کے لئے 70 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔