وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پی آئی ڈی کے خصوصی منصوبے "پاکستان انفارمیشن سینٹر کے زیر اہتمام اسلام آباد میں صحافیوں کیلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

251
Ministry of Information and Broadcasting
Ministry of Information and Broadcasting

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی ) کے خصوصی منصوبے "پاکستان انفارمیشن سینٹر کے زیر اہتمام انفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں نوآموز اور مڈ کیریئر صحافیوں کیلئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس تربیتی ورکشاپ کا موضوع” فیک نیوز اور جھوٹ پر مبنی بیانیے کے تدارک کیلئے کیے جانے اقدامات سے متعلق آگاہی دلانا ہے ۔

اس دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ شاہیرا شاہد نے کیا۔ اپنے خطاب میں سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوشاں ہے ۔وزارت اطلاعات نے جدید دور میں صحافت کے میدان میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے معیاری تربیتی ورکشاپس کا آغاز کیا ہے ۔

سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان ورکشاپس میں صحافی برادری کی غیر معمولی دلچسپی اور ان کی جانب سے سامنے آنے والے تاثرات انتہائی خوش آئند ہیں۔ انہوں نے تربیتی ورکشاپ کے بہترین انتظامات پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا ۔ورکشاپ کے پہلے روز نامور صحافی و تجزیہ نگار اعزاز سید اور پاکستان کے صف اول کے اینکر، معروف تجزیہ نگار اور سینیئر صحافی سید طلعت حسین نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کیا اور انہیں فیک نیوز اور جھوٹے پراپیگنڈےے سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے سے متعلق آگاہ کیا ۔

ورکشاپ کے پہلے روز کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی سید مبشر توقیر نے گیسٹ اسپیکرز کو یادگاری شیلڈز پیش کیں ۔ورکشاپ کے شرکاء نے وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے اس خصوصی اقدام کو سراہتے ہوئے، اہم موضوعات پر تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔یہ تربیتی ورکشاپ ( آج ) جمعرات کو دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔