اسلام آباد ۔ 25 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت انتہائی شاندار انداز میں منائے گی۔ جمعہ کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تقریبات کا موضوع ”قائد کا پاکستان“ ہو گا۔ وزارت اور اس کے متعلقہ محکمے اس سلسلہ میں مختلف انڈور اور آﺅٹ ڈور سرگرمیوں کا اہتمام کریںگے اور تقریبات ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی جن میں قائد کی مصوری کے مقابلے، تقریری مقابلے، قائد کی زندگی سے متعلق کوئز، بچوں کیلئے پپٹ شو اور ٹیبلو، قومی ترانہ اور گیت شامل ہوں گے۔