وزارت اطلاعات نے الیکٹرانک، پرنٹ و ڈیجیٹل میڈیا کو جاری اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

270
وزارت اطلاعات و نشریات

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے الیکٹرانک، پرنٹ و ڈیجیٹل میڈیا کو جاری اشتہارات کی مد میں ادائیگیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وزارت اطلاعات نے جولائی 2021 سے جون 2022 تک 2 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ 53 ہزار 713 روپے، جولائی 2022 سے جون 2023 تک اشتہارات کی مد میں 2 ارب 93 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں جبکہ جولائی 2022 سے جون 2023 تک وفاقی وزارتوں اور محکموں نے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کو 98 کروڑ 73 لاکھ 18 ہزار 74 روپے کی ادائیگیاں کیں۔

جمعرات کو وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کسان پیکیج، یوتھ پروگرام، بی آئی ایس پی، قومی دنوں اور غیر ملکی دوروں سے متعلق میڈیا مہمات بھی چلائی جاتی ہیں۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے کلاسیفائیڈ اور ان کلاسیفائیڈ (ڈسپلے) کیٹیگریز میں اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ 437 وفاقی محکموں و اداروں کے اشتہارات کے بلوں کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جولائی 2021 سے جون 2022 تک پی ٹی آئی حکومت کے جاری کردہ اشتہارات کی مد میں پی ڈی ایم حکومت کے دور میں 2 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ 53 ہزار 713 روپے کی ادائیگیاں ہوئیں

جبکہ جولائی 2022 سے جون 2023 تک وزارت اطلاعات نے جاری کئے گئے اشتہارات کی مد میں 2 ارب 93 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کیں۔ اسی طرح جولائی 2022 سے جون 2023 تک پی ڈی ایم حکومت کے دور میں وفاقی وزارتوں اور محکموں نے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کو 98 کروڑ 73 لاکھ 18 ہزار 74 روپے اشتہارات کی مد میں ادا کئے۔ بیان میں کہا گیا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا، آئوٹ ڈور میڈیا کی جانب سے پی ڈی ایم حکومت کے دور میں وزارت اطلاعات کو 2 ارب 74 کروڑ 11 لاکھ 4 ہزار 91 روپے کے بل موصول ہوئے،

یہ بل جولائی 2021 سے جون 2022 تک جاری کردہ اشتہارات کی مد میں موصول ہوئے جبکہ ان بلوں کی مد میں 2 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ 53 ہزار 713 روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ اسی طرح جولائی 2022 سے جون 2023 تک وزارت اطلاعات و نشریات کو اشتہارات کی مد میں 3 ارب 97 کروڑ 25 لاکھ 55 ہزار 654 روپے کے بل موصول ہوئے، ان بلوں کے تحت 2 ارب 93 کروڑ روپے کی ادائیگیاں ہوئیں جبکہ جولائی 2022 سے جون 2023 تک دیگر وفاقی وزارتوں/محکموں اور اداروں کی اشتہاری مہم کے لئے 1 ارب 86 کروڑ 21 لاکھ 46 ہزار 890 روپے کے بل موصول ہوئے اور 98 کروڑ 73 لاکھ 18 ہزار 74 روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ یہ تمام اعداد و شمار پبلک ڈومین میں موجود ہیں۔