اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن کے موقع پر خصوصی نغمہ ”تو ہی ہے اک بندیا“ جاری کر دیا۔ نغمہ میں نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے بلکہ ہر اس فرد کو سلام پیش کیا گیا ہے جو اپنی محنت، جذبے اور صلاحیتوں سے دھرتی ماں کا مان بڑھا رہے ہیں۔
نغمے کی ویڈیو میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بھی نمایاں انداز میں عکسبند کی گئی ہیں جبکہ قومی معیشت میں بہتری جیسے مہنگائی کی کم ترین شرح، بیرونی سرمایہ کاری اور ٹیکس محصولات میں اضافہ، پالیسی ریٹ اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی جیسے مثبت اشاریے بھی اجاگر کئے گئے ہیں۔ نغمے کی ویڈیو میں بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی جھلکیاں بھی شامل ہیں جن میں ارشد ندیم سمیت دیگر معروف سپورٹس سٹارز کے ساتھ ساتھ پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا گیا ہے۔
نغمے کی ویڈیو میں کوہ پیمائی جیسے مہم جو کھیل کے مناظر، آئی کیوب قمر سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ اور نوجوانوں کے ملکی ترقی میں کردار کو موثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس نغمے کی ویڈیو میں پاکستان کے خوبصورت ثقافتی رنگ، ورثہ، تعمیر و ترقی کے سفر کو شاندار انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ نغمے میں ہر اس پاکستانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جو اپنے اپنے محاذ پر کام کر کے پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔ نغمے کا مرکزی پیغام یہ ہے کہ ”تو ہی ہے اک بندیا“ یعنی ہر وہ شخص جو اس دھرتی سے جڑا ہے، وہی اس کی شان ہے۔
یہ نغمہ حب الوطنی، قومی یکجہتی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ایک خوبصورت کاوش ہے جو پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔ یہ نغمہ تمام قومی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا جا رہا ہے اور اسے عوام کی جانب سے بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582339