وزارت اطلاعات کے افسران دور جدید کے میڈیا چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے خود کو تیار کریں، تربیتی کورس افسران کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں، وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد کا تقریب سے خطاب

99

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں رونما ہونے والی تبدیلیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ وزارت اطلاعات کے افسران دور جدید کے میڈیا چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے خود کو تیار کریں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو انفارمیشن سروس اکیڈمی میں 32 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس ڈومین سپیسیفک تربیتی پروگرام کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزارت اطلاعات کے مختلف اداروں کے سربراہان اور زیر تربیت افسران کے علاوہ میڈیا ماہرین اور اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کے پروفیسر صاحبان نے شرکت کی۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا انڈسٹری تیزی سے نمو پا رہی ہے، خاص طور پر سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا نے عام لوگوں تک اطلاعات کی رسائی کو سہل بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے افسران تندہی سے کام کرتے چلے آ رہے ہیں تاہم اس امر کی ضرورت ہے کہ وزارت کے افسران تمام ضروری تربیتی کورسز میں دلجمعی سے شریک ہوں کیونکہ یہی کورس ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی نے کہا کہ ایک ماہ کے اس تربیتی پروگرام میں افسران کو میڈیا قوانین اور انتظامی امور میں دسترس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے تمام ضروری امور سے متعلق آگاہی دی گئی ہے جس کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔

ڈائریکٹر انفارمیشن سروس اکیڈمی غزالہ امبرین نے تقریب کے شرکاءکو کورس کے انعقاد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے آخر میں کورس میں شریک ہونے والے افسران میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔