وزارت اقتصادی امور اور واپڈا نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 25 ملین ڈالر کے ذیلی قرضہ کے معاہدے پر دستخط کر دئیے

208
Ministry of Economic Affairs
Ministry of Economic Affairs

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزارت اقتصادی امور اور واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(واپڈا) نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 25 ملین ڈالر کے ذیلی قرضہ کے معاہدے (ایس ایل اے) پر دستخط کر دئیے۔ معاہدے پر جمعہ کووزارت اقتصادی امور میں دستخط کیے گئے۔ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے وزارت اقتصادی امور جبکہ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے واپڈا کی نمائندگی کی۔ پاکستان میں کویت کے سفیرناصر عبدالرحمن جاسر المطیری بھی اس موقع پرموجودتھے۔یہ اہم مالی معاونت مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیرکیلئے کویت فنڈ کی جانب سے کل 100 ملین امریکی ڈالر قرضہ کی فراہمی کے وعدے کاحصہ ہے ۔

کویت فنڈ کی جانب سے مجموعی مالی تعاون چار مساوی قسطوں کے ذریعے فراہم کی جائیگی جس میں ہر ایک قسط کاحجم 25 ملین امریکی ڈالر ہوگا۔ قرض کا پہلا معاہدہ حکومت پاکستان اور کویت فنڈ کے درمیان 3 جون 2024 کو کویت میں ہوا تھا۔وزارت اقتصادی امورکے ترجمان نے بتایا کہ مہمند ڈیم بنیادی ڈھانچہ کاایک منصوبہ ہے جسے متعدد ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد 800 میگاواٹ کی نصب صلاحیت کے ساتھ سالانہ تقریباً 2,862 GWh گیگاواوٹ آورز بجلی پیدا کرنا ہے، جس سے توانائی کی فراہمی کے موجودہ فرق میں نمایاں کمی آئیگی ۔

مزید برآں ڈیم میں تقریباً 1,594 ملین کیوبک میٹر پانی کی گنجائش ہوگی جس سے آبپاشی کے پانی کی قابل اعتماد اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ 213 میٹر اونچے ڈیم سے سیلاب پر قابو پانے، سیلاب کے نقصان کے خطرے کو کم کرنے اور ضروری سیلاب سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ مزید برآں یہ منصوبہ مہمند ڈیم کے ذخائر سے خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کو 13.32 کیوبک میٹر فی سیکنڈ پینے کا پانی فراہم کرے گا جس سے علاقہ میں پینے کے پانی کی مستحکم فراہمی کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹرکاظم نیاز نے کہاکہ ذیلی قرضہ کے معاہدے پر دستخط سے مہمند ڈیم منصوبہ کے ہموار نفاذ کی طرف ایک اہم قدم کی عکاسی ہو رہی ہے۔