اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نےکہا ہے کہ ان کی وزارت معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات کے خاص کر اقلیتوں ، معذور افراد، کم عمر بچوں اور خواتین کےحقوق کے تحفظ کے لئے بھر پور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزارت انسانی حقوق میں منعقدہ اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں وزارت کے اعلی حکام نے وفاقی وزیر کو وزارت کے امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے وزارت کے افسران کو انسانی حقوق کے تحفظ اور اس میں مزید بہتری کیلئے جاری تمام سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ خواتین کے وراثت کے حق کے بارے خصوصی طور پر آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ موثر آگاہی مہم سے ہی معاشرے میں امتیاز ی رجحانات ، تشدد اور حق تلفی کے خلاف آواز اٹھانا آسان ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق سرکاری ملازمتوں میں مقرر کردہ مقامی کوٹہ خاص کر معزور افراد کے 2 فیصد کوٹہ کی ہر ادارہ میں پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔