وزارت انسانی حقوق بچوں کے حقوق بارے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے قانون سازی سمیت عملدرآمدی اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے

92

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وزارت انسانی حقوق وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بچوں کے حقوق بارے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے قانون سازی سمیت عملدرآمدی اقدامات کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ملک کو درپیش کئی چیلنجز کے باوجود موجودہ حکومت نے بچوں کے تحفظ اور ان کی دیکھ بھال کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ جمعرات کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت انسانی حقوق کے حکام نے بتایا کہ وزارت انسانی حقوق نے نابالغوں کے لئے انصاف کے نظم کے ایکٹ 298 اور آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2018ءجیسے کلیدی قوانین کو نافذ کیا ہے اور اس کے علاوہ زینب الرٹ جیسے کئی قانونی بل تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کے لئے تمام شراکت داروں کو معاشرے میں برداشت پیدا کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزارت انسانی حقوق بڑی سرگرمی سے آگاہی مہم چلا رہی ہے جبکہ موجودہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق مختلف نئے بلوں پر بھی کام کر رہی ہے جس میں معذور افراد کے حقوق کا بل بھی شمال ہے۔