وزارت انسانی حقوق صحافیوں کےساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملہ کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے گی، وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ

71

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے ) اور نیشنل پریس کلب (این پی سی) کے ممبران پر مشتمل ایک وفد نے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار کی قیادت میں بدھ کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کے ارکان نے وفاقی وزیر کو پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متعدد واقعات پر اپنے تحفظات پیش کئے ۔

انہوں نے مطالبات کا ایک چارٹر پیش کیا اور ان کی تکمیل کے لئے ان کی بھرپور کوششوں کی درخواست کی۔وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کے اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے بعض نکات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق معاشرے میں ہر طبقہ، جماعت اور برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک معتبر ادارہ ہے اور وزارت صحافیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اپنی کوششوں کو مزید تیز تر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ، اغوا، جبری گمشدگیوں اور صحافیوں پر حملے کے معاملات کو حل کرنا ہمارا فرض ہے اور وہ ذاتی طور پر ان مسائل کو مناسب فورمز پر اٹھائیں گے، خاص طور پر بلوچستان ان کی اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی کے حق کی ضمانت آئین پاکستان نے آرٹیکل 19 اور 19-A کے تحت دی ہے۔ ہر شہری کو معلومات تک رسائی ضرور ہونی چاہئے لیکن صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے قوانین کو کبھی استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

ریاض حسین پیرزادہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنل ایکٹ 2021 کے سیکشن 12 کےتحت ایک آزاد کمیشن کے قیام کے جاری عمل کو جلد مکمل کیا جائے گا اور اس کے بعد صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے وزارت کی جانب سے قواعد بھی جلد وضع کئے جائیں گے۔