اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزارت انسانی حقوق نے جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث جیلوں میں بند بے سہارا قیدیوں کو رہائی میں مدد فراہم کرنے کے لئے اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز وزارت انسانی حقوق میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام صوبوں کے ہوم سیکریٹریوں نے بے سہارا قیدیوں کے لئے ارش، دیت اور دامان فنڈ کی ادائیگی کے معاملے پرر شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ وہ قیدی ہیں جو معذوری، غربت یا بڑھاپے کے سبب عدالتوں کے ذریعہ عائد جرمانے کی ادائیگی نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے وہ جیلوں میں بند ہیں۔ آج ہم نے ارش، دامان اور دیت فنڈ کے تحت ادائیگی کے لئے پنجاب اور کے پی کے 12 بے سہارا قیدیوں کی رہائی کے لئے 15 ملین روپے کی اصولی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے ہوم سیکریٹریوں نے بھی صوبائی جیل حکام سے اعداد و شمار حاصل کرنے کے بعد اہل بے سہارا قیدیوں کے مقدمات جلد بھیجنے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس عمل کو تیز کریں۔