اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن کو رواں سال جنوری سے لے کر 30 نومبر تک 220118 کالیں موصول ہوئیں اور یہ کالیں متاثرین کی طرف سے مفت قانونی مشورہ کے حصول اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تلافی کے سلسلہ میں کی گئیں۔ جمعرات کو وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایاکہ کل 17624 شکایت کنندگان کی داد رسی کی گئی جن میں 5887 شکایت کنندگان کو مفت قانونی امداد دی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ 10304 شکایات فوری طور پر متعلقہ محکموں کے حوالہ کر دی گئیں جبکہ 362 کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کیسز کو دیگر اداروں کو ریفر کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1071 افراد نے اپنی شکایات ای میلز، فیکس اور ذاتی طور پر وزارت میں آ کر درج کرائیں۔ واضح رہے کہ یہ ہیلپ لائن ایک پروجیکٹ کے تحت مئی 2015ءمیں قائم کی گئی تھی۔