اسلام آباد (اے پی پی):وزارت انسداد منشیات نے افیون ( یا بھنگ ) کی کاشت کی اجازت دینے سے متعلق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیر گردش جعلی خط کی تردید کی ہے اور اس کے بارے میں وضاحت جاری کی ہے ۔ وزارت انسداد منشیات سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ وزارت انسداد منشیات کو معلوم ہوا ہے کہ بلوچستان کے چند اضلاع میں افیون ( یا بھنگ ) کی کاشت کی اجازت دینے کا ایک جھوٹا اور جعلی خط مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیاکہ وزارت انسداد منشیات واضح کرتی ہے کہ بلوچستان یا کسی دوسرے خطے میں افیون (یا بھنگ ) کی کاشت کے لئے نہ تو ایسی کوئی منظوری جاری کی گئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی پالیسی موجود ہے۔ یہ خط مکمل طور پر من گھڑت ہے اور جعل سازی کا نتیجہ ہے۔وزارت انسداد منشیات قانون کے مطابق ملک کے تمام علاقوں میں منشیات کی غیر قانونی پیداوار اور سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔