وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے آئی ٹی، ٹیلی کام کے فروغ کیلئے 17 رکنی ٹاسک فورس کا اعلان کر دیا

100

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کی ہدایات پر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک میں آئی ٹی ٹیلی کام کے فروغ کیلئے 17 رکنی ٹاسک فورس کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ہوں گے۔ وزارت کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس میں سابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عطاءالرحمن، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، وزارت آئی ٹی کے وفاقی سیکرٹری، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جواد سلیم قریشی، وفاقی سیکرٹری برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ، وزارت آئی ٹی کے ممبر آئی ٹی سیّد رضا علی شاہ، ممبر ٹیلی کام مدثر حسین، وائس ایڈمرل (ر) سیّد عارف اﷲ حسینی، پاکستان سافٹ ویئر ہاﺅس ایسوسی ایشن کے چیئرمین سیّد احمد، لمز یونیورسٹی کے ڈاکٹر زرتاش افضل عزمی، تعمیر بینک کے سی ای او شاہد مصطفی، مائیکرو سافٹ کے سابق کنٹری منیجر ندیم ملک، نسٹ کی آئی او جہاں آرائ، موبی لنک کے سابق سی ای او زوہیر خالق، آئی سی ٹی فورم کے سی ای او، یونیورسل سروسز فنڈ کے سابق سی ای او پرویز افتخار اور اپالو ٹیلی کام کے چیئرمین سابق سی ای او یو فون عبدالعزیز خان شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس بنیادی طور پر ملک میں آئی ٹی ٹیلی کام کے فروغ کے حوالہ سے آئندہ پانچ سال میں آئی ٹی کی برآمدات اور ترسیل زر میں اضافہ کیلئے پالیسی سازی، مناسب رپورٹنگ، ٹھوس اقدامات اور پروگرام سے متعلق تجاویز دینے کے ساتھ ساتھ 10 نکاتی ایجنڈے کے اہداف کے حصول کیلئے کام کرے گی۔