اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزارت اوورسیز پاکستانیز نے بیرون ملک کام کے سلسلہ میں جانے والے امیگرنٹ ورکرز کو نادرا کی مدد سے بائیو میٹرک ویری فیکیشن سسٹم سے منسلک کر دیا ہے۔ وزارت اوورسیز کے ذرائع کے مطابق اب بیرون ملک ملازمت کے سلسلے میں جانے والوں کی تمام تر معلومات وزارت اوورسیز میں جمع ہوں گی۔ اس سلسلے میں بیورو آف امیگریشن، پروٹیکٹر آف امیگرنٹس، ایف آئی اے اور نادرا کے درمیان نظام مربوط کیا گیا ہے۔ امیگرنٹ کی روانگی سے متعلق معلومات متعلقہ ملک کے پاکستانی سفارتخانے میں ویلیفئر اتاشی کے ساتھ شیئر کی جائیں گی اور امیگرنٹ کو ایئرپورٹ پر ویلفیئر اتاشی رسیو کریں گے اور ان کی تمام تر مدد کی جائے گی۔ اس منصوبے سے امیگرنٹ کی تمام معلومات ایک جگہ جمع ہوں گی اور اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن اس حوالے سے امیگرنٹ کے خاندان کی مدد کر سکے گا۔ اس نظام کے لاگو کرنے کا مقصد امیگرنٹ کو بیرون ملک مسائل سے بچانا ہے اور ان کے استحصال کو روکنا ہے۔