اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزارت آئی ٹی کی پالیسی کمیٹی برائے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ نے یونیورسل سروس فنڈ اور اگنائٹ کے رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ کی مد میں چوتھی سہ ماہی کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی کی منظوری بھی دیدی گئی ۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیر صدارت یونیورسل سروس فنڈ کی پالیسی کمیٹی کے 45 ویں اور اگنائٹ کے 38 ویں اجلاس میں بالترتیب یو ایس ایف کیلئے 4 ارب 37 کروڑ اور اگنائٹ کیلئے 19 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹرنوید احمد شیخ، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، چیف ایگزیکٹیو آفیسر یو ایس ایف، حارث محمود چوہدری، چیف ایگزیکٹیو آفیسر اگنائٹ عاصم شہریار حسین اور چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہائوس ایسوسی ایشن زوہیب خان سمیت دیگر ممبران بھی شریک تھے۔پالیسی کمیٹی کو بتایا گیا کہ سال 2022-23 کیلئے یو ایس ایف کا منظورشدہ بجٹ 32 ارب 13 کروڑ 20 لاکھ روپے تھا جسے مختلف ڈویلپمنٹ اخراجات اور منصوبوں کی سیاسی و معروضی وجوہات کی بنا پرمعطلی سے کم کرکے، نظر ثانی شدہ بجٹ 19 ارب 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کا کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں رواں مالی سال کیلئے اگنائٹ کے منظور شدہ 3 ارب 75 کروڑ 20 لاکھ روپے کے بجٹ کو بھی کم کرکے ایک ارب 40 کروڑ 93 لاکھ روپے کیا گیا ہے۔اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آٖفیسر حارث محمود چوہدری نے بتایا کہ جاری منصوبوں کی مرحلہ وار ادائیگی کیلئے آئندہ مالی سال تک کے فنڈز موجود ہیں تاہم 2024 تک بقیہ مجموعی ادائیگیوں کی مد میں مزید 33 ارب روپے درکار ہوں گے، اگر وفاقی حکومت کے پاس موجود یو ایس ایف فنڈ کے 57 ارب 20 کروڑ روپے وصولی کا سلسلہ شروع نہ ہوا تو جاری منصوبوں کی بروقت ادائیگی اور پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کے منصوبوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
گذشتہ 4 برسوں میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی ہدایت پر یو ایس ایف نے دور دراز کے پسماندہ علاقوں کے 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کو براڈ بینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 70 ارب روپے سے زائد کے 65 منصوبوں کا اجراء کیا تھا، جن میں سے بیشتر تکمیل کے مراحل میں ہیں اور ان کی ادائیگیاں کی جانی ہیں۔دریں اثناء پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 56 ویں اجلاس میں نومنتخب چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی رضا کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسرکے نام کی منظوری گذشتہ ماہ وفاقی کابینہ نے دی تھی جس کے بعد بورڈ نے ان کی تعیناتی پرمتفقہ فیصلہ دیا ہے۔