اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وزارت بحری امور نے کورنگی فش ہاربر کی جدید کاری کے لیے ایک انقلابی منصوبے کا آغاز کیا ہے جس سے آئندہ پانچ سال میں براہ راست اور بالواسطہ طور پر 100 ملین ڈالر سے زائد کی معاشی سرگرمی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ یہ اقدام بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔وزارت بحری امور کے مطابق کورنگی فش ہاربر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا جس میں بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور تکنیکی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
منصوبے سے 3,000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جو تعمیرات، لاجسٹکس، فش پروسیسنگ اور ماہی گیری کے شعبے میں دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ سمندری خوراک کی پروسیسنگ کی صلاحیت میں 50 فیصد اضافہ متوقع ہے۔یہ سٹریٹجک اقدام پاکستان کی 375 ارب ڈالر کی جی ڈی پی میں خاطر خواہ حصہ ڈالے گا، بحری معیشت کو مضبوط کرے گا اور طویل مدتی قومی ترقی کو سہارا دے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602694