وزارت تجارت اور اس کے تمام ذیلی ادارے برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرصدارت وزارت کے ذیلی اداروں کی داخلی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

162
وزارت تجارت اور اس کے تمام ذیلی ادارے برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرصدارت وزارت کے ذیلی اداروں کی داخلی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت اور اس کے تمام ذیلی ادارے برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں ، برآمد کنندگان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے حکومت کوشش جاری رکھے ہوئے ہے ۔

وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے جمعرات کو یہاں وزارت تجارت کے ذیلی اداروں کی داخلی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے ماتحت اداروں کو پاکستان کی تجارتی اور برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں جام کمال نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ برآمد کنندگان کی سہولت کو ترجیح دیں تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے پاکستان کی برآمدی باسکٹ کو متنوع بنانے اور ملکی تجارت کو بڑھانے کے لیے غیر استعمال شدہ بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش کی اہمیت پر زور دیا ۔

علاقائی رجحانات سے آگے رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جام کمال نے اپنی ٹیم پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کی برآمدی پالیسی کے مطابق سٹریٹجک نقطہ نظر اپنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی شراکت داری کو بڑھانے اور برآمدی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے کی اہداف کی کوششیں اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی ۔

وزارت تجارت کے عہدیداروں اور بیرون ملک پاکستان کے تجارتی افسران کی انتھک لگن کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ برآمد کنندگان کو بااختیار بنانے ، تجارت کو متنوع بنانے اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع کو کھولنے پر ہونی چاہیے ۔