وزارت تجارت پاکستان اور روسی فیڈریشن کے کسٹمز تعاون سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کر نے کی تقریب

224

کازان ،روس۔19مئی (اے پی پی):روس،اسلامک ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر وزارت تجارت پاکستان اور روسی فیڈریشن کی وفاقی کسٹمز سروسز کے درمیان کسٹمز تعاون سے متعلق پروٹوکول پر دستخط کر نے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے بھی شرکت کی۔ پروٹوکول یوریشین اکنامک یونین کی متفقہ ٹیرف ترجیحات کے تحت انتظامی تعاون اور معلومات کے تبادلے کا احاطہ کرتا ہے۔

تاریخی پروٹوکول پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے درکار قانونی فریم ورک کی تعمیر میں ایک اور اہم قدم ہے۔ یہ سامان کی آسانی سے روانی کو یقینی بنانے کے علاوہ روسی مارکیٹ میں داخل ہونے والی پاکستانی مصنوعات کے لئے کسٹم ڈیوٹی میں نمایاں رعایت بھی فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر تجارت 17-19 مئی 2023 کو کازان میں منعقد ہونے والے 14 ویں روس-اسلامک ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے کازان کا دورہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے روسی جمہوریہ تاتارستان کے رئیس (سربراہ) رستم منیخانوف کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ دونوں معززین نے تاتارستان پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے پاکستان اور رشین فیڈریشن کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر تجارت نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر تھانی الزیودی اور افغان وزیر تجارت سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے فورم میں شرکت کرنے والے ممتاز کاروباری رہنماؤں سے بھی بات چیت کی۔

یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے وزارتی سطح پر اس اہم اقتصادی فورم میں شرکت کی ہے اور روسی فیڈریشن اور اس کی جمہوریہ تاتارستان کے ساتھ اپنی اقتصادی مصروفیات اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔