وزارت تجارت کی کاروباری سرگرمیوں، صنعتی شعبہ کی ترقی اور برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ کےاقدامات

5

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزارت تجارت جامع حکمت عملی کے تحت کاروباری آسانیوں کے فروغ ، برآمدات میں اضافہ اور تجارتی تنظیموں کے قوانین و اصلاحات کے لئے اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی سربراہی میں وزارت تجارت نے ملک میں کاروباری آسانیوں، برآمدات کے فروغ اورتجارتی قوانین کے حوالے سے جامع پالیسی کے سلسلہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران نمایاں اقدامات اٹھائے ہیں ۔

وزارت کی جانب سے نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 متعارف کرائی گئی ہے جبکہ تجارتی تنظیموں کے قواعد و ضوابط 2013 میں اصلاحات کے لئے ملک گیر مشاورت کا عمل جاری ہے۔اس کے علاوہ ایکسپور ٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کی کارکردگی اور صلاحیتوں میں اضافہ کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ مزید برآں حقوق دانش کے ادارہ کے مختلف منصوبوں میں خواتین اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی ، پیداوار میں اضافے اور برآمدات میں ان کی شراکت داری کو بڑھانے کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں ۔مختلف ممالک سے تجارتی رابطوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافہ کے لئے وفاقی وزیر تجارت نے مختلف قومی و بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت کے علاوہ فرانس ، بیلا روس، ڈنمارک اور یورپی یونین کے سفیروں سمیت یو این او پی ایس کی کنٹری ڈائریکٹر، یوایس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔

واضح رہے کہ وزارت تجارت روایتی منڈیوں کی بجائے غیرروایتی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنارہی ہے تاکہ خطے کے ممالک اور وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی رابطوں اور قومی برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں صنعتی ترقی کے فروغ کےلئے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لئے آسان قرضوں تک رسائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔

وزارت تجارت بیرون ملک منعقدہ مختلف تجارتی نمائشوں میں پاکستانی برآمد کنندگان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات کئے گئے ہیں جن میں کاروباری و صنعت کار برادری کےلئے ویزہ کی سہولیات میں آسانی اورنمائش میں شرکت کے اخراجات میں حکومت کی معاونت وغیرہ بھی شامل ہیں۔گوادر پورٹ کے اندرون ملک اور خطے میں کردار کو وسعت دینے اور ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی میں اضافہ کےلئے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔ اسی طرح مقامی پیپر انڈسٹری کی ترقی اور ڈمپنگ کے مسائل کے خاتمہ کے حوالے سے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔