اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور وفاقی فلڈ ریلیف کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سیلاب فنڈ میں عطیات جمع کروانے کے لئے راہنمائی کرے،تمام مشن اپنی ویب سائیٹ پہ معلومات فراہم کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیونٹی سے ملکر سیلاب ذدگان کی مدد کے لئے بھرپور مہم شروع کی جائے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی اس آفت سے پوری قوم ملکر نمٹے گی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مسلح افواج کیساتھ ملکر صوبائی حکومتوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے2005 اور 2010 کی آفات کا بھی بہادری سے مقابلہ کیا تھا۔احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت پہلی ترجیح ریسکیو اور ریلیف آپریشن ہے،سیلابی پانی اترنے کے بعد عوام کی دوبارہ آبادکاری کے لئے بھرپور مدد کی جائے گی۔