اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے پرامن ہمسایہ پالیسی کی روشنی میں ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ رابطے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ بہترین تعلقات رکھنا موجودہ حکومت کی پالیسی ہے۔ یہی پیغام وزیراعظم عمران خان نے قوم کو پہلے خطاب میں بھی دیا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بھارت اگر دوستی کے لئے ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم آگے آئے گا تاہم یہ بات قابل افسوس ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران دونوں ممالک کے وزراءخارجہ کی طے شدہ ملاقات توثیق کے 48 گھنٹوں کے اندر بھارت کی جانب سے منسوخ کردی گئی۔ آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات کے بعد پارلیمانی انتخابات کی وجہ سے بھارتی حکومت جارحانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔